چکمگلورو، 15/ مئی (ایس او نیوز) شیموگہ سے میسورو کی طرف جا رہی کے ایس آر ٹی سی کی آئیراوتی بس میں اچانک آگ لگنے سے پوری بس جل کر خاکستر ہوگئی ۔ ڈرائیور کی پھرتی اور مستعدی کی وجہ سے کسی بھی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔
بتایا جاتا ہے کہ آدھی رات کے وقت تریکیرے کی سرحد پر اجمپور کراس کے پاس بس کے پچھلے حصے میں آگ دکھائی دی ۔ بس میں اس وقت 44 مسافر موجود تھے اور سب گہری نیند میں تھے ۔ آگ نظر آتے ہی ڈرائیور اور کنڈکٹر نے تمام مسافر کو جگایا تب تک آگ کے شعلے تیز ہوگئے تھے ۔ تمام مسافر ایمرجنسی دروازے کے علاوہ بس کی کھڑکیوں سے باہر نکل آئے جس کی وجہ سے کوئی جانی یا جسمانی نقصان نہیں ہوا ۔ فائر بریگیڈ عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی مگر تیز شعلوں میں گھری ہوئی بس بس پوری طرح خاک ہوگئی ۔